بد ہضمی کے چند اسباب ۔ انصاف بلاگ | Pakistan Tehreek-e-Insaf

 

"

بدہضمی کے چند اسباب"

جب کوئی سیاست کے میدان کا ایسا بے تاج بادشاہ ہو کہ ہر حکومت میں وہ اقتدار کے مزے لوٹنے کے فن سے مکمل طور پر آشنا ہو مگر پھر کسی ایسے مرد قلندر کا سامنا کرنا پڑے کہ اقتدار کے ایوان کو برسوں دور دور سے حسرت بھری نگاہوں سے تکنا پڑے تو بدہضمی توضرور ہو گی۔

جب کسی کے پورے خاندان کے مرد شہنشاہ بن کر رہنے کے عادی ہوں اور ہر خاتون ملکہ بن کر رہ رہی ہو۔ آگے پیچھے بزرگ غلاموں کا جم غفیر ہو۔ اور قانون کے رکھوالے ارد گرد ہاتھ باندھے تابعدار کھڑے ہوں مگر اچانک کوئی سر پھرا آ کر ان کو قانون کے ماتحت لائے تو بدہضمی فطری عمل ہے۔

جب کسی کا قلعہ نما محل پیدائشی بادشاہ پیدا کرنے کے لئے مشہور ہو جہاں پیدائش پانے والا اور والی شیرخواری اور انگوٹھا چوسنے کی عمر ميں لیڈر کہلائے اور وزارت عظمی اس کے جوان ہونے کا انتظار کرے مگر کوئی بت شکن بیچ میں کود کر عوام کی شعور دے کہ اصل طاقت تم ہو تو بدہضمی کا واقع ہونا لازم ہے۔

جب گنتی کے چند خاندان ملک کے سیاہ و سفید کے مالک ہوں اور دہائیوں تک نورا کشتی کھیل کر عوام کو بیوقوف بنانے میں کامیاب رہیں اور کامیاب باری باری کھیل کر ملک کے وسائل لوٹ کر ذاتی اثاثے بنانے میں ثانی نہ رکھے اور اچانک کوئی عوامی مسیحا بن کر ان کی شہ رگ پر چھری رکھے تو بد ہضمی ضرور پیدا ہو گی۔

جب کسی ٹولے کے غرور کی لکیریں آسمان چھو رہی ہوں ۔ جو ٹولہ اپنے کسی فعل کیلئے کسی کو بھی جوابدہ نہ ہو۔

جس ٹولے کا ہر فرد اتنا بارسوخ اور طاقتور ترین ہو کہ جیل میں اس کو گھر سے زیادہ سہولیات میسر ہوں اور اسیری کے ایام اس کیلئے تفریح و آرام کا سبب بنیں مگر کوئی دیانتدار آ کر اس ٹولے کو حقیقی احتساب کے عمل سے گزارے تو بد ہضمی ضرور ہوتی ہے۔