وزیر اعظم عمران خان سے ملک کے نامور لکھاریوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات | Pakistan Tehreek-e-Insaf

وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ بھی اجلاس میں شریک

وزیر اعظم نے قومی تہذیب و تمدن اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماڈرن ذرائع ابلاغ ، انٹرنیٹ پرہر قسم کے مواد خصوصاً قابل اعتراض کی آسان دستیابی اور مغربی طور طریقوں اور بیرونی کلچر کی یلغار سے ہماری اقدار اور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی شعار اور قومی اقدارسے متضاد کلچر کی بھرمارسے جہاں ہماری تاریخ، ثقافت، معاشرتی اقدار کو شدید خطرات لاحق ہیں وہاں نئی نسل میں اسلامی شخصیات، آباؤ اجداد اور قومی تاریخ کے بارے میں معلومات بھی برائے نام اور محدود ہوتی جا رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئی نسل کو قومی تشخص سے روشناس کرانے ، معاشرتی اقدار اور پاکستانیت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ اس حوالے سے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نامور لکھاری جن کی تحریریں معاشرے کے ہر طبقے میں یکساں طور پر مقبول ہیں اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قومی تہذیب و تمدن اور پاکستانیت کے فروغ کے حوالے سے کوششوں کی حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیلی ویژن کی اصلاح پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ پی ٹی وی قومی تشخص اجاگر کرنے میں اپنا کردار ماضی کی طرح ادا کر سکے۔ وزیرِ اعظم نے کہا وہ امید کرتے ہیں کہ نجی چینلز بھی اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔