
ایوان صدر کے دروازے بھی عوام کے لئے کھول دئیے گئے ،ہفتہ کے روز ملک کے مختلف علاقوں سے اسلام آباد آنے والی فیملیز نے ایوان صدر کی سیر کی، ناقص سیکورٹی کے باعث پابندی کے باوجود سینکڑوں مرد و خواتین موبائل سمیت اندر چلے گئے ،ایوان صدر کا مین گیٹ بند ہونے کی وجہ سے بوڑھے مرد و خواتین کو طویل فاصلہ طے کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر ہائوس کے بعد ایوان صدر کو بھی عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے ہفتہ کے روز ہزاروں مرد خواتین نے بچوں کے ہمراہ ایوان صدر کی سیر کی جڑواں شہروں کے مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے بھی اپنے اساتذہ کے ہمراہ ایوان صدرکا دورہ کیا عوام کیلئے ایوان صدر کی انٹری پارلیمنٹ ہائوس کی پارکنگ سائیڈ پر سے دی گئی تھی اور مین گیٹ کی بندش کی وجہ سے عوام کو ایوان صدر کے گیٹ نمبر 6سے اندر جانے کی اجازت دی گئی تھی جس کی وجہ سے بوڑھے مرد خواتین اور معصوم بچوں کو طویل فاصلہ پیدل طے کرنا پڑا اسی طرح ایوان صدر کی سیکورٹی پر مامور عملے کی جانب سے موبائل فون اور کیمروں کے اندر جانے پر پابندی کے باوجود سینکڑوں مرد و خواتین موبائل فون سمیت اندر چلے گئے تھے اور ایوان صدر کے مختلف ہالز اور سبزہ زاروں میں سیلفیاں بناتے رہے ۔