Imran Khan's Message on PTI's 28th Foundation Day | Pakistan Tehreek-e-Insaf

 

Special message of Founder Chairman Pakistan Tehreek-e-Insaf Imran Khan on the occasion of 28th Foundation Day

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا 28ویں یومِ تاسیس کے موقع پر خصوصی پیغام

”اٹھائیسویں یومِ تاسیس کے موقع پر کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا اور ربّ العزّت کا شکر ادا کرتا ہوں، بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

پرامن سیاسی جدوجہد کے ان اٹھائیس برسوں کے دوران ربّ ذوالجلال کی مدد اور نصرت ہمارے شاملِ حال رہی اور ہمارا پیغام ملک کے کونے کونے تک پھیلا

اقبال کے تصوّرات اور مملکتِ خداداد پاکستان کے حوالے سے قائداعظم کا ویژن روزِ اوّل سے ہماری پرامن سیاسی جدوجہد کی بنیاد ہے

انصاف، انسانیت اور خودداری کے آفاقی ایجنڈے کے ساتھ شروع کیا جانے والا سیاسی سفر نشیب و فراز سے گزرتا ہوا آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور قوم کی حقیقی آزادی کی منزل کے قریب تر آن پہنچا ہے

پاکستان تحریک انصاف کا اٹھائیس برسوں پر محیط یہ سیاسی سفر ان آزمائشوں اور امتحانوں کا خلاصہ ہے جس کی نظیر ملکی سیاست میں نایاب ہے

گزشتہ دو برسوں کے دوران بالخصوص دستور و قانون کے پرخچے اڑا کر، اداروں کو تباہی کے گھاٹ اتار اور جمہوریت کا جنازہ نکال کر تحریک انصاف کو مٹانے کی وحشیانہ کوشش کی

قوم کے ہر طبقے خصوصاً نوجوانوں اور خواتین نے تحریکِ انصاف کے نظریے کی پاسبانی کی اور جبر کے زور پر قوم پر ابدی غلامی مسلّط کرنے کی کوششوں کو اپنی ہمّت و استقامت سے ناکام بنایا

قوم کی حقیقی آزادی کیلئے تحریک انصاف کا دست و بازو بننے کی پاداش میں لازوال قربانیاں پیش کرنے والے کارکنان اور ووٹرز خصوصاً اپنے شہداء اور باہمت اسیران کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں

پاکستان تحریک انصاف وفاق کی تمام اکائیوں میں یکساں طور پر مقبول سیاسی قوت اور قوم کی امنگوں کی امین ہے

اپنی جماعت کے یومِ تاسیس کے موقع پر قوم سے اپنے عہد کا اعادہ کرتا ہوں کہ کبھی غلامی قبول کروں گا نہ اپنی قوم کو اللہ کے علاوہ کسی اور کے سامنے جھکنے دوں گا

پاکستان کا مستقبل آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بقا و فروغ میں پنہاں ہے، ان کے حصول کی اصولی جدوجہد سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے،

کارکنان اپنی صفوں میں یکسوئی اور اتحاد کا بدرجہ اتم اہتمام کریں اور ملک کو دستوری بےراہ روی اور لاقانونیت کے شکنجے سے آزاد کروانے کی جدوجہد کے فیصلہ کن مرحلے کیلئے کمربستہ ہوں

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف