Watan Ki Matti Gawah Rehna - Insaf Blog By Maryam Masood | Pakistan Tehreek-e-Insaf
Watan Ki Matti Insaf Blog Maryam Masood

 

طن کی مٹی کو گواہ بنا کے شاید ہی کوئی ایسا فریب، دھوکہ، منافقت، بےایمانی اور چوری چکاری ہے جو اس قوم نے نہ کی ہو
ہم سگنل پر کھڑے ہوتے ہیں تو چاروں طرف نظر دوڑا کے دیکھتے ہیں کہ کوئی وارڈن تو نہیں کھڑا اور سگنل توڑتے ہوئے تیز رفتاری سے نکل جاتے ہیں، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
غریبوں کی زمین پر قبضہ کرکے وہاں اپنے پٹرول پمپس اور بڑے بڑے بنگلے کھڑے کرتے ہیں اور کمزور انسان کو اتنا ڈراتے ہیں کہ وہ ہمارے خلاف کھڑا ہونے کی بھی ہمت نہیں رکھتا اور اگر ہو بھی جائے تو یا تو مارا جاتا ہے یا اپنا سب کچھ لٹانے کے باوجود اسے حق نہیں ملتا، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
ہم میں سے ایماندار صرف وہ ہے جس کو موقع نہیں ملا، ہمیں پانچ روپیہ کا گھپلا کرنے کا موقع بھی ملے تو ضرور کرتے ہیں، رشوت دے کے اپنے کام کروانے اور رشوت کھانے کا کوئی موقع ہم اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
اور ہم تو اقتدار میں بیٹھے لوگوں سے تعلقات اس لئے بناتے ہیں تاکہ اپنے ناکام ناکارہ بچے کو سفارش سے وہاں اٹکا دیں چاہے کسی مستحق کا حق مارا جائے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
حرام کو حلال سمجھ کے کھانا تو ہمارا پسندیدہ مشغلہ ہے، حکومت کا مال تو باپ کا مال سمجھ کے کھاتے ہیں اور پھر حرام کے پیسوں سے عمرہ کرکے وہ کالا دھن سفید کرنے کا ہنر بھی ہم سے بہتر کوئی نہیں جانتا، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
وطن کو بولتے تو گھر ہیں لیکن ہم اپنے گھر کے مین گیٹ سے باہر نکلتے ہی اس وطن کو کوڑادان سمجھ لیتے ہیں، گاڑیوں سے باہر کوڑا پھینکنا اور تفریحی مقامات کو گندہ کرنا ہمارے پسندیدہ مشغلوں میں سے ایک ہے، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
بچوں سے زیادتی کے کیسز کا دن بہ دن بڑھنا اس بات کی نشانی ہے کہ ہم بحثیتِ قوم دن بہ دن پستی کی جانب جارہے ہیں، ہمارے ضمیر مرچکے ہیں ہم اپنی اسلامی تعلیمات بھول چکے ہیں، ایک دوسرے کو کافر بولتے بولتے ہم سب کافروں جیسے ہی بن چکے ہیں، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
ہم روزانہ رات کو 10 بجے گھر کی چھت پر کھڑے ہو کے اذان تو دیتے ہیں لیکن 10 روپیہ والا ماسک 10 روپیہ میں نہیں دیتے کیونکہ وہ شوق نہیں ضرورت بن چکا ہے، ہم سال میں دس عمرے تو کریں گے لیکن پٹرول سستا ہونے پہ پمپ بند کردیں گے، ہم ہر سال حج پر جائیں گے لیکن چینی آٹے کا بحران بھی پیدا کریں گے تاکہ منافع کماسکیں، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !

ہم لڑکی کے غریب باپ سے 300 لوگوں کیلئے کھانا اور جہیز کے ٹرک تو لیں گے لیکن یہ لمبی لمبی داڑھیاں رکھ کے دیندار ہونے کا دعویٰ بھی کریں گے، لیکن وطن کی مٹی گواہ رہنا !
اور وطن کی مٹی گواہ رہنا کہ ہم بریانی کی ایک پلیٹ پہ ووٹ بیچ دیں گے لیکن حکمران ہمیں آئیڈیل چاہیے جو کرپٹ نہ ہو اور پہلی ہی باری میں چراغ رگڑ کے سب درست کردے نہ کرے تو ہمیں نہ کرے، وہ ایماندار ہو لیکن ہمیں بےایمانی کرنے دے، وطن کی مٹی اک اک بات کی گواہ رہنا کیسے اس قوم نے اپنے چھوٹے چھوٹے مفادات کیلئے اپنے اوپر ہی بھیڑیے چنے جو انکی بوٹیاں تک نوچ کے کھا گئے لیکن یہ پھر بھی ان کے ساتھ کھڑے رہے، وطن کی مٹی گواہ رہنا کہ کیسے آج جب ان کو ایک مخلص انسان ملا ہے جو پہلی بار اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے لیکن یہ اسکی خدمات کو نظرانداز کیے بیٹھے ہیں، دن رات اس پہ طنز کرتے ہیں، لیکن وطن کی مٹی گواہی دینا جب سب ٹھیک ہوجائے گا کہ کیسے ایک انسان نے اپنے زورِبازو سے اس پیدائشی بےایمان قوم کے حالات بدل دیے تھے، وطن کی مٹی گواہی دینا وہ چیتا کوئی اور نہیں عمران احمد خان نیازی تھا !
 
~ مریم مسعود چوہدری