CM KPK Message on Ramzan

Monday, 29 May 2017 17:22 | READ 348 TIMES Written by 
RATE THIS ITEM
(0 votes)

بہ تسلیمات پریس سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
ہینڈ آوٹ نمبر1 ۔پشاور27 مئی 2017 ء
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پاکستانی قوم بالخصوص صوبے کے عوام کوماہ صیام کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ماہ مقدس کا تقاضا ہے کہ جھوٹ ، فریب ، ذخیرہ اندوزی اور دھوکہ دہی سے اجتناب کیا جائے تاکہ عوام کیلئے اس مقد س فریضے کی ادائیگی احسن انداز میں ممکن ہو سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران بلاجواز مہنگائی اور اشیائے خوردونوش کی مصنوعی قلت کو لگام دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ کڑی نظر رکھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ رمضان المبارک عبادات پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ہمیں تزکیہ نفس ، دوسروں کے ساتھ اچھے برتاؤ اور ایثار کا درس دیتا ہے ۔رمضان ہم میں معاشرے کے نادار اور مفلوک والحال لوگوں کی تکلیف کا احساس اُجاگر کرتا ہے اور اُن کی مدد کرنے کا جذبہ عطا کرتا ہے ۔پرویز خٹک نے اُمید ظاہر کی کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ رمضان المبارک کی روح کو سمجھتے ہوئے جھوٹ ، فریب ،ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی اور دھوکہ دہی جیسی قبیح سماجی برائیوں سے مکمل اجتناب کریں گے جن کی وجہ سے معاشرہ بے چینی کا شکار ہو تا ہے ۔انہوں نے کہا کہ احترام رمضان کا تقاضا ہے کہ اس میں لڑائی جھگڑوں، عدوات، منافرت ، تعصب اور انتقام جیسی جاہلانہ روایات کو بھی ختم کیا جائے ۔ ایک دوسرے کی ضرورت ، دُکھ ، درد اور تکلیف کا احساس کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام وزراء اپنے اپنے اضلاع میں انتظامیہ سے مل کر بازاروں اور مارکیٹوں میں عوام کو اشیائے خوردونوش کی معقول قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے کڑی نظر رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ مصنوعی ذخیرہ اندوزی ، قیمتوں میں اضافہ، ملاوٹ اور دھوکہ دہی ویسے بھی اسلام میں جائز نہیں ہیں ۔ اسلام کسی صورت میں بھی ان اُمور کی اجازت نہیں دیتا ۔ ہمیں چاہیئے کہ کم ازکم رمضان کے احترام میں ہی اپنی ان ناجائز حسرتوں اور منافع خوری کی لالچ کو لگام دیں تاکہ ماہ صیام کے مقاصد حاصل کرسکیں۔
<><><><><><><>